کاروار20؍جنوری (ایس اونیوز)ضلع شمالی کینرا کے ایڈیشنل ڈی سی ڈاکٹر سریش ایٹنال نے بتایا ہے کہ ملپے بندرگاہ سے ماہی گیری کے لئے نکلنے کے بعد مہاراشٹرا کے حدودمیں لاپتہ ہونے والی سوورنا تریبھوجا ماہی گیر کشتی پر موجود 7مچھیروں کے اہل خانہ کو گزربسر کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے عبوری راحت کے طورپر فی کس ایک لاکھ روپے کی امداد جاری کردی ہے۔
لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں کے خاندان والوں نے کچھ دن قبل محکمہ ماہی گیری کے ریاستی وزیروینکٹ راؤ ناڈگوڈا سے ملاقات کی تھی۔ اس وقت وزیر موصوف نے عبوری راحت کے طور پرایک ایک لاکھ روپے کی امداد جاری کرنے کے لئے وزیراعلیٰ سے سفارش کرنے کا وعد ہ کیا تھا، جسے انہوں نے پورا کیا ہے۔ گم شدہ ماہی گیروں کے اہل خانہ کو عبوری راحت جاری کرنے کے لئے ضلع شمالی کینرا کے مچھلی فروشوں کی فیڈریشن کے صدر گنپتی آر مانگرے نے ریاستی وزیر اعلیٰ کا شکریہ اداکیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ عبوری راحت کے چیک متاثرہ خاندانوں کو منگل کے دن تقسیم کیے جائیں گے۔